04/07/2024
کعبہ پر پڑنے والی پہلی نظر کاوہ لمحہ اکثر لوگ ضائع کر دیتے ہیں کیونکہ وہ ابھی تک ٹی وی پہ کعبہ کو دیکھتے آئے ہوتے ہیں انہوں نے حقیقت میں اسے نہیں دیکھا ہوتا تو وہ سمجھتے ہیں وہ ایک چوکور سیاہ خوبصورت عمارت ہے وہ کیمرے کی آنکھ سے اس عمارت کو دیکھ رہے ہوتے ہیں نظر اور کعبہ کے درمیان کیمرے کا شیشہ آ جاتا ہے اور اس شے کا راستہ رک جاتا ہے جو اللّٰہ نے ازل سے ابد تک کے لیئے خانہ کعبہ میں رکھ دی ہے۔ وہ ہے محبت۔❤️
اور یوں بہت سے لوگ جب کعبہ کے سامنے پہنچتے ہیں تو وہ مبہوت رہ جاتے ہیں حالانکہ بچپن سے وہ کعبہ کو ٹی وی اور انٹرنیٹ پہ دیکھتے آئے ہیں لیکن جب حقیقت میں دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ وہ نہیں ہے جسے وہ دیکھتے آئے تھے یہ تو کچھ اور ہے۔ خوبصورت۔ ایک بہت عالیشان اور خوبصورت گھر جس میں اللّٰہ نے ایسی محبت اور کشش رکھی ہے کہ اس سے نگاہ نہیں ہٹتی اور لوگ دم سادھے وہیں کھڑے رہ جاتے ہیں۔ بالکل دم بخود۔
کیونکہ وہ کعبہ آئے تھے دعائیں قبول کروانے۔ بخشش کروانے۔ حج اور عمرہ کے فرض اور نفل پورے کرنے۔ لیکن اس گھر کی خوبصورتی انہیں جکڑ لیتی ہے انسان کو اس سے پہلی نظر میں محبت ہو جاتی ہے۔ پھر وہاں سے جانے کا دل نہیں کرتا۔ اور واپس آ کے وہ ایک ہی دعا مانگتے رہتے ہیں کہ اللّٰہ انہیں پھر سے بلا لے۔ انہیں بار بار واپس آنا ہوتا ہے۔ نیک ہو یا بد، دیندار ہو یا گنہگار، اللّٰہ کے سارے بندوں کو اس گھر سے محبت پہلی نظر میں ہو جاتی ہے۔ وہ واپس جا کے اپنے اعمال درست کریں یا نہ کریں، وہ محبت ختم نہیں ہوتی۔ 🌺